Jummah Ke Din Ki Fazilat

جمعہ کےدن کی خاص فضیلت


رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا

سورج کے طلوع وغروب والے دنوں میں کوئی بھی دن جمعہ کے دن سے افضل نہیں ،یعنی جمعہ کا دن تمام دنوں سے افضل ہے.

 صحیح ابن حبان


رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا

جمعہ کا دن سارے دنوں کا سردار ہے، اللہ تعالیٰ کے نزدیک جمعہ کا دن سارے دنوں میں سب سے زیادہ عظمت والا ہے۔ یہ دن اللہ تعالیٰ کے نزدیک عید الاضحی اور عید الفطر کے دن سے بھی زیادہ مرتبہ والا ہے۔ اس دن کی پانچ باتیں خاص ہیں :

اس دن اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کو پیدا فرمایا۔
اِسی دن اُن کو زمین پر اتارا۔
اِسی دن اُن کو موت دی۔
اِس دن میں ایک گھڑی ایسی ہے کہ بندہ اس میں جو چیز بھی مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اس کو ضرور عطا فرماتے ہیں؛ بشرطیکہ کسی حرام چیز کا سوال نہ کرے۔
 اور اسی دن قیامت قائم ہوگی۔ تمام مقرب فرشتے ، آسمان، زمین، ہوائیں، پہاڑ، سمندر سب جمعہ کے دن سے گھبراتے ہیں کہ کہیں قیامت قائم نہ ہوجائے؛ اس لیے کہ قیامت، جمعہ کے دن ہی آئے گی

(ابن ماجہ)


رسول اللہ ﷺ نے ایک مرتبہ جمعہ کے دن ارشاد فرمایا

مسلمانو! اللہ تعالیٰ نے اِس دن کو تمہارے لیے عید کا دن بنایا ہے؛ لہٰذا اِس دن غسل کیا کرو اور مسواک کیا کرو. 

طبرانی، مجمع الزوائد

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جمعہ کا دن ہفتہ کی عید ہے۔


جمعہ کے دن یا رات میں انتقال کرجانے والے کی خاص فضیلت

نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو مسلمان جمعہ کے دن یا جمعہ کی رات میں انتقال کرجائے، اللہ تعالیٰ اُس کو قبر کے فتنہ سے محفوظ فرمادیتا ہے

 (مسند احمد ، ترمذی)

جمعۃ المبارك كے روزرسول اللہ ﷺ پر کثرت سے دور پڑھنا مستحب ہے

امام ابن قیم رحمہ اللہ نے فرمایا: رسول اللہ 
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم *سید الانام* ہیں اور جمعہ *سیدالایام* ہے۔ چنانچہ اس دن آپ پر درود وسلام ایک ایسی خصوصیت ہے جو کسی اور کو حاصل نہیں۔ آپ کی امت نے دنیا وآخرت کی جو بھی بھلائی پائی ہے وہ اسے آپ کے ہاتھوں ملی ہے۔ اب آپ کا شکر وسپاس اور آپ کے حق کی کم سے کم ادائیگی یہ ہے کہ ہم اس دن کے روزوشب میں آپ پر خوب درود وسلام بھیجیں.


اوس بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی ﷺ نے فرمایا

''تمام دنوں میں افضل ترین دن جمعہ کا دن ہے اس لئے کہ اسی دن آدم علیہ السلام پیدا کے گئے ، اور اسی دن انکا انتقال ہو ا ، اور اسی دن صور پھونکا جائے گا ، اور اسی دن قیامت کی بے ہوشی قائم ہوگی ، تم اس دن مجھ پر زیادہ درود پڑھا کرو ، کیونکہ تمہارا درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے.

 (مسند احمد)

نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جمعہ کے دن اور جمعہ کی رات کثرت سے دُرود پڑھا کرو، جو ایسا کرے گا، میں قیامت کے دن اس کی شفاعت کروں گا

 (بیہقی)

*یہ ایسا عمل ہے جو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ضرور مقبول ہوتا ہے اگر نیک پڑھیں تو درجے بلند ہوتے ہیں اور اگر فاسق و فاجر پڑھے تو نہ صرف یہ کہ اس کے گناہ معاف ہوتے ہیں بلکہ اس کا پڑھا ہوا درود و سلام بھی قبول ہوتا ہے۔*

اسی لیے جمعہ کےدن ہر بندہ کم سے کم سے کم بھی *_1000_* مرتبہ درود شریف *نبی* ؐ کی خدمت میں تحفہ و ہدیہ ضرور بھیجے ..


جمعہ کے دن یا رات میں سورہٴ کہف کی تلاوت

نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا : *جو شخص سورہٴ کہف کی تلاوت جمعہ کے دن کرے گا، آئندہ جمعہ تک اس کے لیے ایک خاص نور کی روشنی رہے گی*.

 (نسائی، بیہقی، حاکم)

سورہٴ کہف کے پڑھنے سے گھر میں سکینت وبرکت نازل ہوتی ہے۔

حضرت براء بن عازب فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ ایک صحابی نے سورہٴ کہف پڑھی، گھر میں ایک جانور تھا، وہ بدکنا شروع ہوگیا، انہوں نے غور سے دیکھا کہ کیا بات ہے؟ تو انھیں ایک بادل نظر آیا جس نے انھیں ڈھانپ رکھا تھا۔ صحابی نے اس واقعہ کا ذکر جب نبی اکرم ﷺ سے کیا، تو آپ ﷺ نے فرمایا: سورہٴ کہف پڑھا کرو۔ قرآن کریم پڑھتے وقت سکینت نازل ہوتی ہے۔ 

(صحیح البخاری،فضل سورة الکہف۔ مسلم،کتاب الصلاة)


قبولیت کی گھڑی

’’بے شک جمعۃ المبارک کے دن ایک ایسی گھڑی ہے کہ اس وقت کوئی مسلمان بندہ نماز میں کھڑے ہو کر اللہ تعالیٰ سے جو کچھ مانگتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کو ضرور عطا کرتا ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ہاتھ
سے اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گھڑی بہت چھوٹی ہے‘‘

(متق عليه)

سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کی روایت کے مطابق یہ لمحہ ’’امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر نماز ختم کرنے تک ہے‘‘۔ 

ابوداؤد اور نسائی کے الفاظ میں: ’’جمعہ کے دن کی آخری گھڑی میں تلاش کرو‘‘۔ یہ نماز عصر کے بعد کا وقت ہے۔

الله پاک عمل کی توفیق دے
آمین 


No comments:

Powered by Blogger.